پیپر اُردُو نہم کے تین حصے ہیں۔ پہلا حصہ معرُوضی ہے جس کے 15 نمبر ہیں اور اسے 20 منٹ میں مکمل کرنا ہوتا ہے ۔یہ حصہ کثیر الانتخابات سوالات پر مشتمل ہوتا ہے۔
ہرسوال کے سامنے چار آپشنز ہیں اور ہرآپشن کے سامنے ایک دائرہ۔ طالب علم نے درست آپشن کے سامنے والے دائرہ کو پُر کرنا ہے ۔ پینسل استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے اور نہ ہی ایک دائرے کو پُر کرنے کے بعد اسے کاٹ کر کسی اور دائرے کو پُر کرنے کی کی، اس لیے درست جواب کا انتخاب احتیاط سے کریں۔
حصہ اوّل کے سوالات کہاں سے آتے ہیں؟
حصہ اوّل کے سوالات ان موضوعات میں سے آتے ہیں: جملے کے اجزائے ترکیبی،علم بیان کی اصلاحات، شعری اصلاحات،مبتدا اور خبر میں فرق،ذُو معنی الفاظ، روز مرّہ اور محاورے کا درست استعمال، اصنافِ سخن میں تمیز، مختلف اندازِ بیان میں فرق، مرکب ناقص اور مرکب تام، اور مکالمہ اور رُوداد نویسی کی تعریف۔
یہ تمام موضوعات 2006کے نصاب سے لیے گئے ہیں اور اِن میں اب تک کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ان موضوعات کو پڑھنے کے لیے نصاب میں یہ کتاب تجویز کی گئی ہے:
قواعد و انشاپردازی ، جماعت نہم
سوالات کی نوعیت
حصہ اوّل کے سوالات کی نوعیت کس طرح کی ہوتی ہے؟
حصہ اوّل کے زیادہ تر سوالات کے جواب دینے کے لیے آپ کو نصاب میں دی گئی مختلف اصلاحات کی تعریف آنی چاہیے۔ اصلاحات کے اجزا کے نام ،جیسا کہ جملہ فعلیہ/ اسمیہ کے اجزا، آنے چاہئیں۔اجزا کے صرف نام آنے چاہئیں، وضاحت کی ضرورت نہیں۔
کچھ سوالات عملی ہوں گے۔ ان سوالات میں درست ذو معنی لفظ یا روز مرّہ کا استعمال کرنا ہوگا۔ ایک سوال میں کوئی مصرع یا شعر دے کر پوچھا جاسکتا ہے کہ اس میں علم بیان کی کون سی قسم استعمال ہوئی ہے۔ دیے گئے شعر میں کچھ تلاش کرنا بھی آسکتا ہے جیسا کہ قافیہ اور ردیف۔
کسی دو اصلاحات میں فرق بھی آسکتا ہے جیسا کہ قافیہ اور ردیف میں فرق۔
آغاز کیسے کریں۔
بسم اللہ اور دُعا سے پیپر کا آغاز کریں۔
دی گئی ہدایات کے مطابق پیپر کے آغاز میں ذاتی معلُومات مہیا کریں۔
پہلا یا دُوسرا سوال مشکل ہوسکتا ہے۔ اگر یہ حل نہ ہوں تو آگے بڑھ جائیں ، ان پر وقت ضائع نہ کریں۔
آخری سوال کو حل کرنے کے بعد آپ کے پاس اتنا وقت ہونا چاہیے کہ آپ اُن کو حل کرسکیں، جو آپ چھوڑ آئے ہیں۔
تمام سوالات حل کریں، چاہے کچھ کے بارے میں تُکا ہی لگانا پڑے۔
MCQsکیسے حل کریں؟
اگر آپ کو نصاب میں دی گئی تما م اصلاحات کی تعریفیں، اصلاحات کے اجزا کے نام اور اصلاحات کے نام آتے ہیں تو آپ باآسانی سوال میں سے درست جواب کا انتخاب کر کے اس کے سامنے دائرہ پُر کر سکتے ہیں۔
آپ کے لیے چیلنج ذو معنی الفاظ، روز مرّہ کا استعمال، علم اور علم بیان کا استعمال ہے۔ اسی طرح اصلاحات میں فرق والاسوال بھی مشکل ہوسکتا ہے۔۔ان چیلنج اور مشکل حصوں کی خاص تیاری کریں۔
MCQ کو حل کرنے کے دو طریقے ہیں:
- دی گئی چوائسز میں سے آپ باآسانی درست جواب کا انتخاب کرلیں۔
- آپ دی گئی چوائسز سے درست انتخاب نہ کر پائیں۔
پیپر بنانے والا سوال کی چار چوائسز میں ایک چوائس ایسی ضروری دیتا ہے کہ جسے دیکھتے ہی اندازہ ہوجاتا ہے کہ یہ درست چوائس نہیں۔
- آپ سوال پڑھیں اور ایسی چوائس فوراً نکال دیں جو درست نہیں دِکھ رہی۔
- تین چوائسز پر غور کریں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ ایک اور چوائس درست نہیں، اِسے بھی ذہن سے نکال دیں۔
- بقیہ دو چوائسز جو اکثر ایک دوُسرے کے قریب ہوتی ہیں، انھی میں سے ایک درست چوائس ہوگی۔ پہلے تو غور سے دونوں کو دیکھیں ، آپ ایک اور چوائس کو غلط قرار دیں گے، یوں بقیہ چوائس ہی درست جواب ہوگی۔
- اگر آپ کو دو میں سے کوئی چوائس غلط نہیں دِکھ رہی تو جو چوائس پہلے نمبر پر ہے اُسے نکال دیں ۔پیپر بنانے والا پہلے نمبر پر اکثر درست چوائس نہیں دیتا۔
- اگر پھر بھی انتخاب نہیں ہو رہا تو کسی ایک چوائس کے سامنے دائرے کو پُر کر دیں۔
- اگر آپ چار چوائسز میں سے نہ تو درست چوائس کا انتخاب کر پا رہے ہیں اور نہ ایک ایک کر کے غلط چوائسز کو باہر نکال رہے ہیں تو ایک اور تیکنیک استعمال کریں۔ یاد رکھیں کہ پیپر بنانے والا سوال کی چار چوائسز میں سے دو چوائسز ایسی دیتا ہے کہ جو ایک دُوسرے کے قریب ہوتی ہیں اور ایک جیسی لگتی ہیں۔ انھی دو ایک جیسی لگنے والی چوائسز میں درست چوائس ہوتی ہے۔ انھی دو میں سے کسی ایک کو منتخب کر لیں۔
- کبھی سوال میں کسی اصطلاح ، جیسا کہ جملہ فعلیہ/اسمیہ، کے اجزا آجاتے ہیں۔ ایسے سوال میں پہلی تین چوائسز میں اجزا کے نام ہوتے ہیں اور چوتھی چوائس میں لکھ دیا جاتا ہے : الف، ب اور ج تینوں۔ ایسے سوالوں میں عموماً چوتھی چوائس ہی درست ہوتی ہے۔
- کبھی آخری چوائس ہوتی ہے ان میں سے کوئی بھی نہیں۔ یہ چوائس اکثر درست نہیں ہوتی۔
آخری بات
- پیپر اُردُو نہم، حصہ اول کی تیاری اور پھر پیپر کو حل کرنے کے حوالے سے جو بتایا ہے، اُس کی مدد سے آپ نہ صرف تما پیپر حل کر لیں گے بلکہ درست حل کریں گے۔ پیپر جمع کرانے کے بعد اگر آپ کو کوئی شک ہے کہ فلاں چوائس درست نہیں تو اس شک کو ذہن سے جھٹک دیں۔ ابھی آپ کو پیپر کے دو اور حصے حل کرنے ہیں، اپنی توجہ اُن حصوں پر رکھیں۔