"مجھے فنانس کی فیلڈ میں جانا ہے، لیکن سمجھ نہیں آ رہی کہ بی بی اے فنانس کروں یا بی ایس اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس؟" اگر آپ کامرس یا انٹر (میتھ) کے طالب علم ہیں اور اپنے مستقبل کو فنانس کے شعبے سے وابستہ دیکھتے ہیں تو ممکن ہے آپ بھی اس سوال سے دوچار ہوں۔ آئیے، ان دونوں ڈگریوں کو آسان الفاظ میں سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
سب سے پہلے یہ جان لیں کہ دونوں ڈگریاں اچھی ہیں اور دونوں کے ذریعے آپ فنانس کے شعبے میں کامیاب کیریئر بنا سکتے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ دونوں کا نقطۂ نظر اور تخصص (Specialization) مختلف ہے۔
👈 بی بی اے فنانس (BBA Finance) دراصل بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈگری ہے جس میں فنانس ایک اسپیشلائزیشن ہے۔ اس ڈگری میں آپ فنانس کے ساتھ ساتھ مینجمنٹ، مارکیٹنگ، ہیومن ریسورس، کاروباری حکمتِ عملی اور تنظیمی امور بھی پڑھتے ہیں۔ دوسرے الفاظ میں، یہ ایک نسبتاً عمومی (General) کاروباری ڈگری ہے جس میں فنانس کا حصہ زیادہ ہوتا ہے۔
👈 اس کے برعکس بی ایس اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس (BS Accounting and Finance) ایک زیادہ اسپیشلائزڈ اور ٹیکنیکل ڈگری ہے۔ اس میں اکاؤنٹنگ، فنانشل رپورٹنگ، آڈٹ، ٹیکسیشن، سرمایہ کاری، فنانشل اینالیسس اور کارپوریٹ فنانس جیسے مضامین گہرائی سے پڑھائے جاتے ہیں۔ یہ ڈگری ان طلبہ کے لیے زیادہ موزوں ہے جو اعداد و شمار، مالیاتی رپورٹس اور تجزیاتی کام میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
👈 اگر آپ مستقبل میں بینک مینیجر، کارپوریٹ ایگزیکٹو یا کسی انتظامی عہدے پر کام کرنا چاہتے ہیں اور فنانس کے علاوہ کاروبار کے دیگر شعبوں میں بھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں تو بی بی اے فنانس آپ کے لیے ایک اچھا انتخاب ہو سکتا ہے۔
👈 اس کے برعکس، اگر آپ فنانس کے کسی خاص شعبے میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں، مثلاً انویسٹمنٹ، فنانشل اینالیسس، پورٹ فولیو مینجمنٹ، آڈٹ یا کارپوریٹ فنانس، یا آپ کا ارادہ مستقبل میں سی اے (CA)، اے سی سی اے (ACCA) یا سی ایف اے (CFA) جیسی پروفیشنل سرٹیفیکیشن کرنے کا ہے تو بی ایس اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس آپ کے لیے زیادہ مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔
موجودہ جاب مارکیٹ کو دیکھتے ہوئے چند باتیں ذہن میں رکھیں۔
1️⃣ پہلی بات یہ کہ بی بی اے فنانس کے گریجویٹس کی ایک بڑی تعداد پہلے ہی جاب مارکیٹ میں موجود ہے، اس لیے بعض شعبوں میں مقابلہ نسبتاً زیادہ ہے۔ اس کے مقابلے میں بی ایس اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس ایک نسبتاً نئی ڈگری ہے اور اس کے گریجویٹس کی تعداد ابھی کم ہے۔
2️⃣ دوسری بات یہ کہ آڈٹ فرمز، انویسٹمنٹ کمپنیاں، فنانشل ایڈوائزری فرمیں اور کئی بینک بی ایس اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس کے گریجویٹس کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ ان کی تکنیکی تربیت زیادہ مضبوط ہوتی ہے۔
3️⃣ تیسری بات یہ ہے کہ بی بی اے فنانس ایک عمومی کاروباری ڈگری ہے، اس لیے چھوٹی اور بڑی تقریباً ہر کمپنی میں اس کے حامل افراد کے لیے مواقع موجود ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس، بی ایس اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس کی ضرورت عموماً بڑی کمپنیوں، مالیاتی اداروں اور فنانشل سروسز فراہم کرنے والی کمپنیون میں زیادہ ہوتی ہے۔
4️⃣ چوتھی بات یہ کہ بی بی اے فنانس کرنے کے بعد آپ ہیومن ریسورس مینجمنٹ، مارکیٹنگ یا جنرل مینجمنٹ میں ڈیول ڈگری حاصل کر سکتے ہیں۔
✅ مختصر یہ کہ اگر آپ ایسی منیجمنٹ پوزیشن پر کام کرنا چاہتے ہیں جہاں فنانس کی سمجھ بوجھ بھی درکار ہو تو بی بی اے فنانس ایک بہتر انتخاب ہے۔ لیکن اگر آپ فنانشل سروسز فراہم کرنے والی کسی کمپنی میں کام کرنا چاہتے ہیں، فنانس میں ہی اپنی مہارت بڑھانا چاہتے ہیں اور مستقبل میں کوئی اعلیٰ پروفیشنل سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو بی ایس اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس آپ کے لیے زیادہ موزوں ڈگری ہے۔
✅ آخر میں یہ بات یاد رکھیں کہ کیریئر کاؤنسلر کا کام آپ کو معلومات اور درست رہنمائی فراہم کرنا ہے، لیکن آخری فیصلہ ہمیشہ آپ کا اپنا ہوتا ہے۔ کسی بھی ڈگری کا انتخاب کرنے سے پہلے اپنی دلچسپیوں، صلاحیتوں، شخصیت اور طویل مدتی اہداف پر ضرور غور کریں۔ اگر آپ کیریئر کا فیصلہ کرنے میں تذبذب کا شکار ہیں تو اپنی شخصیت، صلاحیتوں اور اقدار کا سائیکومیٹرک ایپٹیٹیوڈ ٹیسٹ لازمی کروائیں جس کے ذریعے آپ کو واضح طور پر بتا دیا جائے گا کہ آپ کے لیے کونسا کیریئر موزوں ہے۔ بعض اوقات ایک سائنسی ٹیسٹ وہ جواب دے دیتا ہے جسے ہم مہینوں سوچنے کے باوجود نہیں ڈھونڈ پاتے۔ ٹیسٹ دینے کے لیے ایجوویژن سے رابطہ کریں۔
📞 واٹس ایپ: 03335766716



