یپر اُردُو نہم کے حصہ دوم میں تین سوالات آتے ہیں:نثری عبارت کی تفہیم،اشعارکی تفہیم اورقواعد کے سوالات۔ نثری عبارت اور اشعار فیڈرل بورڈ کی طرف سے تجویز کردی کسی بھی کتاب سے آسکتے ہیں۔ان کتابوں کے نام یہ ہیں:
- اُردُو برائے نہم، نیشنل بُک فاؤنڈیشن، اسلام آباد
- اُردُو برائے نہم، چودھری غلام رسُول اینڈ سنز
- اُردُو برائے نہم خیبر پختُون خواہ ٹیکسٹ بُک بورڈ
- اُردُو برائے نہم بلوچستان ٹیکسٹ بُک بورڈ
نثری عبارات ادبی نوعیت کی ہیں۔ان عبارات کی تفہیم کے لیے ضروری ہے کہ طالب علم نے کئی ادبی عبارتوں کو پڑھا اور سمجھا ہو۔ تفہیم میں کیا، کیوں، کون ، کہاں جیسے سوالات کے جوابات اکثر طلبہ دے لیتے ہیں، البتہ عبارت کا مرکزی خیال لکھنا ایک چیلنج ہوتا ہے۔ مثال کے طور کچھ مرکزی خیال یہ ہیں:
- سنّتِ رسُول کے مطابق جو اخلاق ا پنا ئیں، زندگی بھر اُن کی پابندی کریں۔
- خندہ پیشانی سے ملنا، باوقار گفتگو کرنا، غور سے سننا اور آدابِ مجلس کا خیال رکھنا،نبی علیہ السّلام کی قابلِ اتباع سنتیں ہیں۔
- انسان اور خدا کے باہمی تعلق یعنی عقائد کی بنیادپر کسی فرد سے نفرت نہیں کرنی چاہیے اور خدا کے بنائے بھائی چارے کو قائم رکھنا چاہیے۔
- بزرگوں کا ادب بھلے مانسوں کا شیوہ ہے۔
- زمانے کا چلن بدلا، خوص کی جگہ ظاہر داری نے لے لی۔
- خندہ پیشانی، غم گُساری، ہر ایک خط کا جواب دینا اور دوستوں کی فرمایشیں پُوری کرنا، غرض مرزا غالب وسیع اخلاق کے مالک تھے۔
- روز مرّہ ضروریات کی تکمیل تو حیوان بھی کرتے ہیں ۔انسان کو اپنی اندرونی قویٰ کوزندہ رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
مرکزی خیال لکھنے کے لیے یہ دو طریقے آپ کے کام آئیں گے:
- اکثر عبارات اخلاقی پیراگرافس ہوتے ہیں۔ زیادہ تر پیراگرافس میں میں پہلے جُملے میں کوئی اخلاقی سبق پیش کیا جاتا ہے اور باقی پیراگراف میں اسی سبق کی تشریح ہوتی ہے۔ اس پہلے جُملے کو آسان الفاظ میں لکھ دیں تو یہ مرکزی خیال بن جاتا ہے۔
- کچھ پیراگرافس میں کوئی واقعہ بیان ہوتا ہے یا کسی انسانی عادت کا ذکر ہوتا ہے اور پیراگرافس کے آخر میں اخلاقی سبق بیان ہوتا ہے۔ یہی آخری جُملہ مرکزی خیال ہوتا ہے، اِسے اپنے الفاظ میں لکھ دیں۔
آپ نہم میں اچھے گریڈ لینا چہتے ہیں توکم الفاظ میں مرکزی خیال لکھنا سیکھیں۔ پیپر میں اگر مرکزی خیال لکھنے کے بجائے نثری عبارت کا عنوان لکھنے کا کہا جائے تو یہی مختصر مرکزی خیال عبات کا عنوان بھی ہوسکتا ہے۔کبھی نثری عبارت کے مرکزی خیال کی جگہ خُلاصہ بھی آسکتا ہے۔ آپ کے لیے ضروری ہے کہ مرکزی خیال اور خلاصہ میں فرق کو سمجھیں۔ لکھنے والے کے ذہن میں ایک خیال ہوتا ہے۔ وُہ اس خیال کو کسی مثال ،ادبی پیرائے یا کسی کردار کی صورت میں بیان کرتا ہے۔ آپ کو اس مثال، ادبی پیرائے یا کردار سے اخذ کرنا ہے کہ لکھنے والے کے ذہن میں کیا ہے، یہی مرکزی خیال ہے۔ اس کے اُلٹ دی گئی مثال کو چند الفاظ میں بیان کردینا، ادبی پیرائے کو چند الفاظ میں لکھ دینا یا کردار کو چند اچھی یا بُری صفات کی صورت میں پیش کرنا خلاصہ کہلاتا ہے۔ خلاصہ مرکزی خیال کی نسبت ذرا طویل ہوتا ہے۔
یپر اُردُو نہم کے حصہ دوم میں تفہیم کے لیے نثری عبارت کا اخری سوال یہ ہو سکتا ہے:
- آپ نے اس پیراگراف سے جو سیکھا ہے اُس کے مطابق ہمیں کیا کرنا چاہیے؟
- آپ نے اس پیراگراف سے جو اخلاقی سبق حاصل کیا ہے ، آپ اُس کے مطابق عملی زندگی میں کیا کریں گے؟
ان سوالوں کا جواب اچھی طرح دینے کے لیے کچھ یہ کریں۔ اخلاقی اسباق کی فہرست بنائیں جیسا کہ سچ بولنا، دیانت داری، خوش اخلاقی، بزرگوں/ اساتذہ کا ادب اور غریبوں کی مدد وغیرہ۔ آپ ان اسباق پر کیسے عمل کریں گے، اس کے نوٹس بنائیں۔ اِن نوٹس کو اپنے استادِ محترم کو دکھائیں اور اُن کی درستگی کے بعد انھیں یاد کرلیں۔ اسی طرح چند دوسرے اسباق ، جیسا کہ محنت میں عظمت، وطن کی محبت، گلی / محلّے کی صفائی پر بھی نوٹس بنائیں اور یاد کرلیں۔
اُردُو نہم کے پیپر کے حصہ دوم کا تیسرا سوال قواعد کے بارے میں ہے۔ قواعد کے سوالات کچھ سوالات یوں آتے ہیں:
- تعریف کریں اور مثال دیں(جیسا کنایہ کی تعریف اور مثال)،
- ۔ ۔ ۔ ۔ سے کیا مُراد ہے (جیسا کہ مطلع/مقطع سے کیامُراد ہے؟)،
- اجزا لکھیں (جیسا کہ جُملہ اسمیہ کے اجزا لکھیں)۔
اُوپر دیے گئے ان سوالات کو اکثر طلبہ کرلیتے ہیں۔ البتہ اچھے گریڈ لینے کے لیے ان سوالات کے جوابات بھی تیار کریں:
- وضاحت کریں (جیسا کہ حمد کی وضاحت کریں۔)
- فرق بیان کریں (جیسا کہ مصرعہ اور شعر میں فرق بیان کریں۔ )
- موازنہ کریں(جیسا کہ جملہ اسمیہ اور جملہ فعلیہ کا موازنہ کریں۔)
اُردُو نہم کے پیپر کے حصہ دوم میں نیچے دیے گئے قواعد ، اصنافِ سخن میں فرق کرنا آسکتا ہے:
- جُملہ اسمیہ اور جملہ فعلیہ میں فرق
- مصرعہ اور شعرمیں فرق، مطلع اور مقطع میں فرق، مصرعہ اور قافیہ اور ردیف میں فرق، شعر اور رُباعی میں فرق
- تشبیہ اور استعارہ میں فرق، تشبیہ اور کنایہ میں فرق
- مبتدا اور خبر کا فرق، مرکب ناقص اور مرکب تام میں فرق۔
- غزل اور نظم میں فرق
- قصیدہ اور مرثیہ میں فرق
- رباعی، مخمس اور مسدس میں فرق
اُردُو نہم کے پیپر میں نمبر لینے کے لیے ضروری ہے کہ آپ سوالات کےالفاظ، جیسا کہ تعریف کریں، کیا مُراد ہے، اجزا لکھیں، موازنہ کریں اور فرق بیان کریں، کو سمجھیں۔ تفصیل کچھ یوں ہے:
- تعریف کریں والےسوالات میں پوچھی گئی اصطلاح کی تعریف اور ایک مثال لکھی جاتی ہے۔ اس کے اُلٹ کیا مُراد ہے میں بتانا ہوتا ہے ہے کہ پوچھی گئی اصطلاح کا معنی تو یہ ہےُ البتہ اُردُوادب میں اس سے یہ مُراد لی جاتی ہے جیسا کہ مطلع اور مقطع کے لفظی معنی اور ہیں اور اصطلاحی معنی اور۔
- موازنہ کریں میں دو اصطلاحات میں مشترکہ نکات بھی لکھنا ہوتے ہیں اور ان کا فرق بھی بتانا ہوتا ہے۔ جب کہ فرق کریں میں اصلاحات میں صرف فرق لکھنے ہوتے ہیں۔
اُردُو نہم کے پیپر میں نمبر لینے کے لیے جو تجاویز دی گئی ہیں اگر اُن پر عمل کیا جائےتو یقیناً اعلیٰ گریڈ آئیں۔ پیپر اُردُو نہم کے حصہ سوم کی تیاری کیسے کی جائے، اس کے لیے اگلا آرٹیکل پڑھیں۔